یورپی سپیس ایجنسی میں خلا بازوں کی بھرتیاں شروع

Published On 05 April,2021 06:35 pm

برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی خلائی ادارے (ای ایس اے) نے خلا بازوں کی نئی بھرتیاں شروع کر دی ہیں۔ یورپین سپیس ایجنسی کو اپنے خلائی مشنز کیلئے 26 نئے خلا باز درکار ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق اس کیلئے اہل اور موزوں افراد کے چناؤ کیلئے درخواستیں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ بھرتیاں صرف یورپی ممالک سے کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ای ایس اے میں نئے خلا باز ڈھونڈنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

یورپین سپیس ایجنسی کے سربراہ ژان ووئرنر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے نئے خلا باز بھرتی کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم مقررہ تعداد میں بہترین امیدواروں کا انتخاب کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

خلائی مشنز کیلئے جن افراد کو منتخب کیا جائے گا ان میں سے چھ کو مستقل کیریئر خلا باز بنایا جائے گا جبکہ دیگر ریزرو ارکان ہوں گے، جنہیں کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر خلا میں بھیجا جا سکے گا۔

کامیاب امیدواروں کے انتخاب کا عمل 6 مراحل پر مشتمل ہو گا، جو 18 ماہ کے عرصے میں اکتوبر 2022ء میں مکمل ہو گا۔

ڈوئچے ویلے کے مطابق ان بھرتیوں کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 مئی ہے۔

 

Advertisement