مریخ کی فضا سے آکسیجن بنانے کا پہلا تجربہ کامیابی سے مکمل

Published On 24 April,2021 10:59 am

کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) مریخ پر پہلا ہیلی کاپٹر اُڑانے کے بعد، ناسا نے اس سرخ سیارے کی فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے آکسیجن بنانے کا سب سے پہلا تجربہ بھی کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔

یہ تجربہ مریخی گاڑی  پرسیویرینس روور  پر نصب خصوصی آلے  موکسی  کے ذریعے انجام دیا گیا۔ واضح رہے کہ مریخ کی فضا ہماری زمینی ہوا کے مقابلے میں بہت ہلکی ہے جو تقریباً 95 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہے۔ ‘‘موکسی’’ ابتدائی نوعیت کا مختصر تجرباتی آلہ ہے جس کا مقصد مریخی فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے مؤثر طور پر آکسیجن الگ کرنیوالی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

اس مرحلے میں کامیابی کے بعد ان ہی اصولوں پر کام کرنیوالے بڑے آلات بنا کر مریخ پر بھیجے جائینگے۔ یہ سلسلہ بتدریج آگے بڑھاتے ہوئے ، بالآخر اتنی بڑی مشینیں مریخ تک پہنچائی جائینگی جو کم از کم چار انسانوں کیلئے سال بھر کی آکسیجن تیار کرنے کے قابل ہونگی۔
 

Advertisement