خلائی سفر کیلئے استعمال شدہ راکٹ کا استعمال، سپیس ایکس نے نئی تاریخ رقم کردی

Published On 23 April,2021 08:26 pm

فلوریڈا: (دنیا نیوز) خلائی سفر کے لیے استعمال شدہ راکٹ کا استعمال کرکے امریکا کی نجی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ استعمال شدہ راکٹ پر چار خلا باز بین الاقوامی خلائی سٹیشن کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔

سپیس ایکس کے راکٹ پر موجود خلا باز بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر اتریں گے۔ اس کیلئے تاریخ میں پہلی بار خلائی سفر کے لیے استعمال شدہ راکٹ اور کیپسول کو استعمال میں لایا گیا ہے۔

سپیس ایکس کا راکٹ اور کیپسول گزشتہ سال بھی خلائی سفر میں استعمال ہوئے تھے۔ ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے مطابق اس خلائی سفر میں جو راکٹ اور کیپسول استعمال کیے گئے وہ گزشتہ سال بھی خلا میں بھیجے گئے تھے، جنہیں معمولی مرمت کے بعد دوبارہ استعمال کے قابل بنایا گیا ہے۔

ادھر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انڈونیشیا نے مغربی پاپوا میں اپنے جزیروں میں سے ایک کو ایلون مسک کے سپیس ایکس پروجیکٹ کے ممکنہ لانچ سائٹ کے طور پر پیش کیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق سپیس ایکس پروجیکٹ کا مقصد انسانوں کو چاند پر پہنچانا ہے۔ اگرچہ ابھی ایلون مسک نے اس پیشکش کو منظور نہیں کیا تاہم انڈونیشیا نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اس کے جزیرے کے حوالے سے خلائی مشن کے سلسلے میں اہم عزائم ہیں۔ لیکن انڈونیشین حکام کی یہ پیشکس وہاں کی مقامی آبادی کو پریشان کر رہی ہے۔