برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ کھول لیا

Published On 22 April,2021 08:38 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی مشہور زمانہ خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو نے بھی ویڈیوز اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ کھول کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے اردو نیوز میں چھپنے والی خبر کے مطابق ایم آئی فائیو کا یہ اکاؤنٹ آج ہی مورخہ 22 اپریل کو کھولا گیا ہے اور اس پر بھی ایک تصویر ہی شیئر کی گئی ہے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں صارفین نے اس اکاؤنٹ کو فالو بھی کرنا شروع کر دیا ہے۔

دنیا بھر کے ماہرین برطانیہ اور دنیا کی ٹاپ خفیہ ایجنسیوں میں سے ایک ایم آئی فائیو کے اس اقدام کو حیریت سے دیکھ رہے ہیں اور اسے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔

برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کی جانب سے انسٹاگرام پر mi5official@ کے نام سے اپنا اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔

خبریں ہیں کہ یہ پلیٹ فارم 24 گھنٹے تو اوپن نہیں ہوگا تاہم اس کے ذریعے دنیا بھر کے صارفین برطانیہ کی اس خفیہ ایجنسی سے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ ایم آئی فائیو نے یہ انسٹاگرام پیج بنانے کی ضرورت کیوں محسوس کی؟ یہ معمہ ابھی تک ایک راز ہی ہے۔

اس لئے بعض صارفین اور دفاعی تجزیہ نگار ایم آئی فائیو کے انسٹاگرام پیج کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ تاہم ایم آئی فائیو کے نئے ڈی جی کین میک کیلم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم انتہائی خفیہ طریقے سے کام کرتے ہیں لیکن اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہم اپنی کارکردگی کو نئی جہتوں پر لے جا سکیں گے۔