جی سیون ممالک میں گوگل، فیس بک سمیت ملٹی نیشنل کمپنیوں پر ٹیکس لگانے پر اتفاق

Published On 05 June,2021 09:32 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) کورونا کے عالمی معیشت پر اثرات سے نمٹنے کے لیے دنیا کے امیر ترین ممالک کے گروپ سیون نے بڑے آن لائن پلیٹ فارمز پر پندرہ فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق G-7 ممالک کے وزرائے خزانہ کے لندن میں ہونے والے اجلاس میں شرکا کم سے کم کارپوریٹ ٹیکس 15 فیصد رکھنے کے اصول پر متفق ہو گئے ہیں۔

امریکا، برطانیہ اور جی سیون کے دیگر ممالک نے ایمازون، ایپل اور گوگل سمیت دیگر بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر عالمی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ۔

جی سیون ممالک نے تجویز دی ہے کہ کم از کم 15 فیصد عالمی کارپوریٹ ٹیکس ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر لگایا جائے۔ عالمی طاقتوں کے اس بڑے فیصلے کو جی 20 ممالک کے اگلے ماہ ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

معاہدے کے نتیجے میں جو ٹیکس عائد ہو گا اُس سے ان ممالک کی حکومتوں کو اربوں ڈالرز کی آمدن ہو سکتی ہے جس سے وہ کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اقتصادی بحران کے دوران لیے گئے حکومتی قرضوں کو واپس ادا کر سکتی ہیں۔

امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا، اٹلی اور جاپان کے درمیان طے پانے والا معاہدہ 20 دیگر امیر ممالک کے اگلے مہینے ہونے والے اجلاس پر بھی دباؤ پیدا کر دے گا کہ وہ بھی کثیرالاقوامی یا ملٹی نیشنل کمپنیوں ہر اسی قسم کا ٹیکس لگائیں۔

رشی سونک نے کہا کہ اس کارپوریٹ ٹیکس کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ عالمی کمپنیوں کو دنیا بھر میں ایک ہی انداز کا ٹیکس دینا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے جاری بحث و مباحثے کے بعد G-7 کے وزرائے خزانہ عالمی سطح کے ٹیکس کے نظام کی اصلاح کرنے کے تاریخی معاہدے پر متفق ہوئے ہیں تا کہ اسے آج کے ڈیجیٹل دور کے مطابق از سرِ نو وضع کیا جا سکے۔

Advertisement