خیبر پختونخوا: نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ای کامرس ڈپلومہ کا آغاز

Published On 10 June,2021 01:34 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ای کامرس ڈپلومہ کا آغاز کردیا گیا۔ یلویٹاس اورصوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم کے درمیان مفاہمتی یاداشت پردستخط ہوگئے۔ معاون خصوصی کامران بنگش کہتے ہیں ای کامرس ڈپلومہ کے اجراء سے بڑی تعداد میں نوجوان برسرروزگار ہوسکیں گے۔

خیبر پختونخوا میں ای کامرس ڈپلومہ کے آغاز کے سلسلے میں معاون خصوصی کامران بنگش کی موجودگی میں ڈی جی کامرس اور ہیلویٹاس کے ٹیم لیڈر ندیم بخاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ کامران بنگش کا گفتگو میں کہنا تھا کہ یلویٹاس ای کامرس ڈپلومہ کیلئے کورس ڈیزائننگ میں معاونت کریگا، کامرس کالجز کے متعلقہ اساتذہ کو بھی تربیت دی جائیگی، صوبے میں ای کامرس کی ابتدا ناگزیر ہوچکی ہے۔ ای کامرس اجراء سے نوجوان برسرروزگار ہوسکیں گے، نوجوانوں کیلئے ایسے دیگر مواقع بھی متعارف کرینگے، کوشش ہے کہ ایک مہینے کے اندر نصاب ترتیب دیا جائے، اگلے تعلیمی سال سے ڈپلومہ کا آغازکرنے کی کوشش کرینگے، کورونا نے بزنس و دیگر تمام چیزوں کو آن لائن کردیا ہے جس سے نئے مواقع اُمڈ آئے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مارکیٹ بیسڈ ریسرچ کو ملحوظ خاطر رکھ کر ای کامرس ڈپلومہ کیلئے نصاب ترتیب دیا جائے گا، ایمازون نے پاکستان میں سیلرز کی اجازت دینے کے پس منظر میں ای کامرس ڈپلومہ کا اجرا کیا جارہا ہے۔
 

Advertisement