تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی حکومت نے نوجوانوں کو شادی کیسے پاکیزہ بندھن کی طرف راغب کرنے کیلئے ایک سرکاری مسلم ڈیٹنگ ایپ لانچ کردی ہے جسے ’’ہمدم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق ہمدم‘ نامی اس مسلم ڈیٹنگ ایپ میں تمام شہریوں کو اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ خیال رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای زیادہ عمر میں ہونے والی شادیوں کے حوالے سے بارہا متنبہ کرچکے ہیں
اس سلسلے میں سربراہ ایرانی سائبر سکیورٹی پولیس کرنل علی محمد رجبی کا کہنا ہے کہ یہ ایرانی حکومت کی طرف سے منظور شدہ اپنی نوعیت کا واحد سوشل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو شادی کی ترغیب دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تمام پلیٹ فارمز غیر قانونی تصور ہونگے۔
اس مسلم ڈیٹنگ ایپ کو حکومتی ادارے تبیان کلچرل انسٹی ٹیوٹ نے تیار کیا ہے۔ اس ادارے کے سربراہ کمیل خجستہ ہیں۔
انہوں نے اس ایپ ’’ہمدم‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپ سے ایک صحتمند خاندان کی تشکیل میں مدد ملے گی۔ ایران کے دشمن اپنے نظریات ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے خاندان شیطان کے نشانے پر ہیں۔ ہماری خاندانی قدروں کو بیرونی طاقتوں سے خطرہ لاحق ہے۔