سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گوگل، فیس بک اور ٹویٹر کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا

Published On 09 July,2021 08:53 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکنالوجی کی تین بڑی کمپنیوں گوگل، فیس بک اور ٹویٹر کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقدمہ دائر کرنے کا اعلان نیو جرسی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔ سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مواد کو ہٹانے کی کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ مقدمہ ریاست میامی کی فیڈرل کورٹ میں دائر کیا گیا ہے جس میں ان کے ساتھ دوسرے پٹیشنرز بھی ہیں۔ تاہم فیس بک، گوگل اور ٹوئٹر نے اس بارے میں اپنا ردعمل دینے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ان ٹیکنالوجی کمپنیوں پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ ان کی باتوں کو غلط طریقے سے جان بوجھ کر سینسر کرتی ہیں۔

رواں سال چھ جنوری کو ٹویٹر اور فیس بک کو امریکی پارلیمنٹ پر حامیوں کے حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے پوسٹ اور ٹویٹ کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔

 

Advertisement