ٹرمپ نےکورونا وائرس پھیلنےکا ایک بارپھرچین پرالزام لگا دیا،ہرجانے کا مطالبہ

Published On 04 June,2021 04:55 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے عالمی وبا کورونا وائرس پھیلنے کا الزام چین پر عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس موذی بیماری سے جو بھی نقصان ہوا، اس کے ازالے کیلئے چین ہرجانہ ادا کرے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین کو چاہیے کہ وہ اب پوری دنیا میں ہونے والی تباہی کا 10 کھرب ڈالر معاوضہ ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور ڈاکٹر فوچی کے درمیان ہونے والی گفتگو کو کسی کیلئے بھی نظر انداز کرنا ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دور صدارت میں بھی بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کوووڈ 19 کو ہمیشہ ’’ چینی وائرس ‘‘ کہتے رہے۔ چین اور دنیا بھر کے سنجیدہ طبقے نے اس الزام کو نسل پرستانہ قرار دیا تھا۔

رواں سال ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی ایک خصوصی ٹیم چین کے شہر ووہان گئی تاکہ کورونا وائرس سے منسلک اصل حقائق کا پتا چلایا جاسکے۔ لیکن اس نے اپنی مکمل رپورٹ جو مارچ میں مرتب ہوئی اس میں واضح کر دیا تھا کہ اس بات کے کہیں شواہد نہیں ملے کہ کوووڈ 19 چینی لیبارٹری سے نکل کر پوری دنیا میں پھیلا تھا۔

حال ہی میں ایک امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2019ء میں کورونا وائرس پھیلنے سے ووہان لیبارٹری میں کام کرنے والے تین محقق بیمار ہو گئے تھے، ان کی علامات کوووڈ 19 کی طرح تھیں۔

تاہم چین نے اس رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج تک ووہان لیب کا کوئی عملہ کورونا سے متاثر نہیں ہوا ہے۔

یہ رپورٹ آنے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے تمام خفیہ اداروں کو 90 دن کے اندر اندر کورونا وائرس کے منبع سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

 

Advertisement