ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کی تیاری شروع کردی

Published On 22 March,2021 11:14 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر اور فیس بک پر پابندی کے بعد اب اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ اپنی عوام کیساتھ رابطے میں رہ سکیں۔

اس بات کی تصدیق ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان نے خود اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدر جلد اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں واپسی کرینگے، تاہم ابھی اس میں انھیں چند ماہ کا عرصہ درکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف دو یا تین ماہ کے اندر عوام اپنے محبوب صدر کو اپنے درمیان پائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل میڈٰیا پلیٹ فارم اس شعبے میں نئی راہیں کھولے گا اور نئے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔

جیسن ملر کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم سوشل میڈیا کے کھیل کو بدل کر رکھ دے گا، اب ہر ایک کو اس کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کی سب سے مشہور سوشل میڈیا ویب سائٹس ٹویٹر اور فیس بک نے سابق امریکی صدر کے اکاؤنٹس کو بند کر دیا ہے۔ 8 جنوری سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بند ہیں اور ان کا اپنی عوام اور دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔
 

Advertisement