برطانیہ میں اُڑن ٹیکسیوں کیلئے’’ورٹی پورٹ‘‘ کی تیاری

Published On 29 September,2021 10:47 am

لندن:(روزنامہ دنیا)برطانیہ میں اڑن ٹیکسیوں کے لئے "ورٹی پورٹ " بنانے کا کام جاری ہے جو اگلے برس تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی ایک سٹارٹ اپ ‘‘اربن ایئر پورٹ’’ نے ہنڈائی کمپنی کے ‘‘اربن ایئر موبیلیٹی ڈویژن’’ کے تعاون سے ایک ایسے ہوائی اڈے پر کام شروع کردیا ہے جو شہر کے بیچوں بیچ ہوگا اور جہاں صرف اُڑن ٹیکسیاں ہی ٹیک آف اور لینڈنگ کرسکیں گی۔اُڑن ٹیکسیوں کے ایسے ہوائی اڈوں کو’’‘ورٹی پورٹس’’ بھی کہا جاتا ہے جو عام ہوائی اڈوں کے مقابلے میں نہ صرف بہت چھوٹے ہوں گے بلکہ انہیں کسی عام فٹبال گراؤنڈ جتنی جگہ پر یا کسی بڑی عمارت کی چھت پر بھی بنایا جاسکے گا۔

توقع ہے کہ ہنڈائی اور اربن ایئر پورٹ کے اشتراک سے برطانیہ کی پہلی ورٹی پورٹ اگلے سال یعنی 2022 میں کام شروع کردیگی۔اس ورٹی پورٹ کیلئے کووینٹری، برطانیہ میں جگہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے جہاں سے اُڑن ٹیکسیاں پرواز کرسکیں گی۔