چند گھنٹوں کی بندش،فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو 10کھرب کا نقصان

Published On 05 October,2021 08:15 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک،انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہونے کے باعث ان تینوں کمپنیوں کے مالک مارک زکر برگ کو چند گھنٹوں میں 10کھرب کا نقصان اٹھانا پڑٓا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں سوشل ایپس اور ویب سائٹس کی سروس بند ہونے کی وجہ سے جہاں ان کے شیئرز میں 5 فیصد کے قریب کمی دیکھی گئی، وہیں سب سے زیادہ فیس بک کے بانی کی ذاتی دولت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بک کی سابق خاتون ملازمہ فرانسس ہافن کے انکشافات اور واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی سروس بند ہونے سے مارک زکربرگ کی دولت میں 6 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔

دولت میں نمایاں کمی ہونے کے بعد مارک زکربرگ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص سے نیچے آکر پانچویں امیر شخص بن گئے اور حیران کن طور پر وہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور فرانسسی کاروباری شخص برنارڈ ارنالٹ سے بھی زیادہ غریب ہوگئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فیس بک ،واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی سروسز پاکستان سمیت پوری دنیا میں متاثر ہوگئیں تھی جس کی وجہ سے صارفین چند گھنٹوں کے لئے ان سروسز کے حصول سے محروم رہے تھے۔

فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب دنیا بھر میں بند ہوگئی تھی جو 6 گھنٹے بعد بحال ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:فیس بک،واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز دنیا بھر میں متاثر
فیس بک کے مطابق ان کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے آلات میں خرابی کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوگئی تھی، تاہم تصدیق کی کہ سروس کی بندش کے دوران صارفین کا ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔

آخری بار 2018 میں فیس بک کو 14 گھنٹے کے لیے بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ 2008 میں یہ بلیک آؤٹ پورے دن کا تھا۔

فیس بک،انسٹاگرام اورواٹس ایپ سروس ڈاؤن ہونے سے ٹویٹر پرٹریفک بڑھ گئی تھی جبکہ سروس متاثر ہونے سے میمز کا سیلاب آگیا۔

ٹویٹر صارفین نے مارک زکر برگ کی رنگ برنگی تصاویر شیئرکیں،کسی نےفیس بک بانی کو دیسی انجینئربنادیاتو کسی نے جوکر بنا کرخوب مذاق اڑایا۔
 

Advertisement