نیویارک:(دنیا نیوز)امریکی جریدے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے بارے ہوشربا انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وارننگز کے باوجود فیس بک نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی مواد کو پھیلنے دیا۔
امریکی جریدے کی جانب سے ایک آرٹیکل شائع کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ انتہا پسند ہندو رہنما نے نومبر2020 ایک ویڈیو میں مسلمانوں کے قتل کے لئے اکسایا، اسلامو فوبیا پر مبنی ویڈیو رواں سال اکتوبر کے آخر تک فیس بک پر موجود رہی جبکہ فیس بک پر انتہا پسند رہنما کی ویڈیو14 لاکھ سے زائد بار دیکھی گئی۔
جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ فیس بک کی خفیہ دستاویز ات کے مطابق کمپنی کو اسلامو فوبیا مواد کا علم تھا، فیس بک نے "حساس سیاسی وجوہات "کی بنیاد پر بی جے پی کے قریبی افراد کی پوسٹ ہٹانے سے گریز کیا، فیس بک دستاویزات بزنس کے لحاظ سے بھارت فیس بک کمپنی کے نزدیک صف اول کے ممالک میں شامل ہےجبکہ بھارت میں فیس بک کے 30کروڑ صارفین موجود ہیں۔