سرکاری اداروں پر بڑھتے سائبر حملے ، کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی تشکیل پر کام شروع

Published On 07 November,2021 03:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرکاری اداروں پر بڑھتے سائبر حملوں کے سبب وزارت آئی ٹی نے کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی تشکیل شروع کردی، رسپانس ٹیم سائبر حملوں کے نقصان سے بچاو کیلئے کام کرے گی۔

وزارت آئی ٹی حکام کے مطابق سائبر حملے کی روک تھام کیلئے کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی تشکیل شروع کردی گئی ہے جس کیلئے ماہرین کی بھرتی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی کے تحت 2 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ سائبر حملوں کی روک تھام کیلئے تھریٹ انٹیلی جنس شیئرنگ فریم ورک بنایا جائے گا اور فرانزک اور ٹریننگ لیبز بنائی جائیں گی، منصوبے کیلئے تھریٹ انٹیلی جنس کے مخصوص آلات منگوائے جائیں گے۔

وزارت آئی ٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل سرٹ کیلئے مخصوص 130 پوسٹوں میں سے 58 پر بھرتی کا آغاز کردیا گیا ہے، نیشنل سرٹ کیلئے بیس لائن سافٹ ویئر کی تیاری مکمل کرلی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل سرٹ کے قیام کیلئے کسی نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں، پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ میں نیشنل سرٹ کے قیام کی گنجائش موجود ہے، سرکاری اداروں کی ویب سائٹس پر حملوں کے اثرات کو کم کیا جائے گا، سرکاری اداروں کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے ماہرین کی ٹیم موجود ہوگی۔
 

Advertisement