جولائی تا دسمبر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن برآمدات میں 35.77 فیصد اضافہ ہوا: وزیر آئی ٹی

Published On 23 January,2022 03:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ جولائی تا دسمبر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن برآمدات میں 35.77 فیصد اضافہ ہوا، چھ ماہ میں آئی سی ٹی برآمدات ایک ارب 30 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں۔

اپنے ایک بیان میں وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ دسمبر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شعبے کی برآمدات میں 28.72 فیصد اضافہ ہوا اورآئی سی ٹی برآمدات 25 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں۔ دسمبر 2020 میں آئی سی ٹی شعبے کی برآمدات 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھیں۔

وزیر آئی ٹٰی نے کہا کہ نومبر کی نسبت دسمبر میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی برآمدات میں 3 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا، چھ ماہ میں صرف آئی ٹی کی برآمدات 97 کروڑ 20لاکھ ڈالرز رہیں۔ آئی سی ٹی برآمدات میں آئی ٹی برآمدات کا حصہ 74.65 فیصد ہے۔

امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال اس عرصے میں آئی ٹی برآمدات 68 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھیں۔
 

Advertisement