بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کی ایک کمپنی نے اعلان کیا ہےکہ وہ ایسے "پروں والے راکٹ" پر کام کر رہی ہے جو مسافروں کو لے کر صرف ایک گھنٹے میں بیجنگ سے نیویارک پہنچ جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ راکٹ ہونے کے ساتھ ساتھ مسافر بردار ہوائی جہاز بھی ہو گا۔ اسے چینی کمپنی سپیس ٹرانسپورٹیشن نے تیار کیا ہے جس کا کہنا ہے کہ راکٹ نما ہوائی جہاز مستقبل میں مسافروں کو دور دراز مقامات تک بہت کم وقت میں پہنچانے کے علاوہ مصنوعی سیارچوں اور دیگر سامان کو خلائی مدار میں چھوڑنے کا کام بھی کر سکے گا۔
اسے ایک طیارے کے نچلے حصے میں رکھ کر خاصی بلندی تک پہنچایا جائے گا جہاں یہ طیارے سے الگ ہو کر اپنا انجن سٹارٹ کر کے برق رفتاری سے منزل مقصود کی جانب پرواز کرنے لگے گا۔ اس طرح یہ 7 ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرتے ہوئے بیجنگ سے نیویارک پہنچے گا۔