خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں میں ای پروکیورمنٹ سسٹم سے خریداری کی حکمت عملی

Published On 17 March,2022 08:42 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اداروں میں خریداریوں کے دوران خورد برد کے واقعات سامنے آنے کے بعد نئی حکمت عملی طے کر لی، اب اداروں میں خریداری ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت کی جائے گی، شہری کہتے ہیں اداروں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات بھی ضروری ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے اداروں میں خریداریوں کے دوران مبینہ طور پر ہونے والی خورد برد ،الزامات اور شکایات پر قابو پانے کے لیے نیا طریقہ کار وضع کر دیا، سرکاری ادارے تمام خریداریاں اب ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت کریں گے۔

سرکاری اداروں میں ٹھیکوں اور خریداری کے عمل کو ہر ممکن حد تک صاف اور شفاف بنانے کےلیے خیبرپختونخوا پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت جو بھی خریداری کی جائیگی وہ آن لائن ہو گی، پروکیورمنٹ پورٹل سسٹم 24 گھنٹے آپریشنل رہے گا۔

صوبے بھر میں آئندہ مالی سال سے نئے سسٹم کا نفاذ ہو گا، ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای ورک آرڈر، ای پیمنٹ، آن لائن رجسٹریشن اور خدمات سمیت دیگر امور اس کا حصہ ہونگے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اقدام سے اداروں میں بدعنوانی پر قابو پایا جاسکے گا۔ سرکاری حکام کے مطابق نئے سسٹم کے نفاذ سے پبلک پروکیورمنٹس میں شفافیت آئے گی۔
 

Advertisement