خیبرپختونخواکے 16 محکموں میں 38 ارب روپے سے زائد بے قاعدگیوں کا انکشاف

Published On 22 March,2022 01:26 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے 16محکموں میں 38 ارب روپے سے زائد بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے، آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے رپورٹ جاری کر دی۔

آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی جانب سے سال 2018-19 کی جاری کردہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 16 مختلف محکموں میں مجموعی طور پر 38 ارب 10 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں، آڈٹ رپورٹ کے مطابق 16 محکموں میں کئی اہم امور کا مالی ریکارڈ سرے سے موجود نہیں، صوبائی محکموں میں زراعت، تعمیرات و مواصلات ، تعلیم ، توانائی، ماحولیات ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، صحت، داخلہ، اطلاعات، آبپاشی ، لوکل گورنمنٹ، معدنیات، ترقی و منصوبہ بندی، صحت عامہ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ بلدیات میں 7 ارب57 کروڑکی اضافی ادائیگیاں جبکہ 2 ارب سے زائد کی ادائیگیاں رولز کے خلاف دی گئیں، کمزورمالیاتی نظام کے باعث 24ارب67 کروڑ 53 لاکھ کی کمزوریاں سامنے آئیں۔

رپورٹ سے مزید پتہ چلا ہے کہ 16محکموں کے پاس3 کروڑ36لاکھ کا ریکارڈ ہی موجود نہیں، دوکروڑ 53 لاکھ کے مالی امورمیں سخت کوتاہیاں کی گئیں، آڈٹ رپورٹ میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سمیت ریکوری کی سفارش کی گئی ہے۔
 

Advertisement