معاشی بحران، سری لنکا میں فیس بک، واٹس ایپ اور ٹوئٹر بلاک

Published On 05 April,2022 07:00 pm

کولمبو:(ویب ڈیسک) معاشی بحران شدید ہونے اور ملک میں ایمر جنسی لگنے کے بعد سری لنکا نے فیس بک، واٹس ایپ اور ٹوئٹر کو بھی بلاک کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے عارضی طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی کو محدود کر دیا ہے، ان پلیٹ فارمز میں فیس بک، یوٹیوب، ٹویٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ شامل ہیں، پلیٹ فارمز کو ‘وزارت دفاع کی درخواست پر’ عارضی طور پر بلاک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کے 40 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے صدر گوتابایا راجا پکسا کی مخلوط حکومت چھوڑ دی ہے، علی صابری نے روز وزیر خزانہ کے طور پر حلف اٹھایا جب پوری کابینہ نے خوراک اور ایندھن کی قلت اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگز پر بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کے درمیان استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم انھوں نے بھی استعفیٰ بھجوا دیا۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں شدید معاشی بحران کے باعث ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے حکومت مخالف ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کر رہے تھے۔ چند دن قبل مظاہرین نے صدارتی محل پر دھاوا بول دی اتھا جس کے بعد صدر راجا پکسا نے ملک بھرمیں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

دوسری طرف سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا کے حکمران اتحاد نے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو دی ہے اور نئے مقرر کردہ وزیر خزانہ علی صابری نے بھی تقرری کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اندر استعفیٰ دے دیا۔
 

Advertisement