یوٹیوب کی متعصب پالیسی، ڈاکٹر اسرار احمد کا چینل بند کر دیا

Published On 04 April,2022 09:47 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے ایک مرتبہ پھر اپنی متعصب پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے یہود مخالف لیکچرز کو بنیاد بنا کر معروف مذہبی سکالر مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد کا چینل بند کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر اسرار کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبرز کی تعداد 3 ملین یعنی 30 لاکھ کے قریب ہے اور ان کے لیکچرز کو سننے والوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اسرار کے دو چینلز کو نفرت انگیز اور تشدد سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے یوٹیوب پر ڈاکٹر اسرار احمد آفیشل یوٹیوب چینل کو بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلاموفوبیا کی بدترین شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کے اس شرمناک فعل کے جواب میں تنظیم اسلامی نے متعلقہ پلیٹ فارمز کے ذریعے بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ یوٹیوب نے ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کے خلاف ایکشن کا فیصلہ اخبار جیوش کرونیکل میں ڈاکٹر اسرار کے خلاف مختلف رپورٹس شائع ہونے کے بعد کیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ٹیکساس میں یہودی عبادت خانے کو یرغمال بنانے والا برطانوی نژاد پاکستانی ملک فیصل اکرام ڈاکٹر اسرار کے لیکچرز سے متاثر تھا۔
 

Advertisement