واٹس ایپ صارفین کی مشکل آسان، نیا فیچر متعارف

Published On 04 November,2022 07:09 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) پیغام رسانی کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے نت نئے فیچرز اور تبدیلیوں کا اعلان کرتی رہتی ہے، اسی طرح واٹس ایپ نے ایک بڑا اور نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کی بدولت واٹس ایپ گروپ چلانے والوں کے لیے اعلانات کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پر زیادہ سرگرم رہنے والے لوگ اکثر اپنے پیغامات ایک سے زائد گروپوں میں بھیجنا چاہتے ہیں، مثال کے طور پر اگر آپ کسی یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں اور بیک وقت اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کے گروپوں کا حصہ ہیں اور آپ کوئی اعلان کرنا چاہتے ہیں یا اطلاع دینا چاہتے ہیں تو آپ کو تینوں گروپوں میں جا کر الگ الگ پیغام پوسٹ کرنا ہوگا۔

اسی طرح اگر آپ خاندان کے اندر مختلف گروپوں کا حصہ ہیں اور کوئی دعوت نامہ تمام گروپوں کو بھیجنا چاہتے ہیں تو آپ کو الگ الگ گروپوں میں اسے پوسٹ کرنا ہوگا، لیکن اب واٹس ایپ نے کمیونٹیز کے نام سے نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ جس کے تحت آپ ایک نئی کمیونٹی بنا کر اس کے اندر مختلف گروپ شامل کر سکتے ہیں، اس کے بعد آپ کا ایک اعلان ان تمام گروپوں میں نشر ہو جائے گا جو اس کمیونٹی میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کا اعلان تین نومبر 2022 کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر بارہ بجے کیا ہے اور یہ فوری طور پر تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں، تاہم امید ہے کہ کچھ ہی دنوں میں آپ کی واٹس ایپ ایپلیکشن اپ ڈیٹ ہوگی اور یہ فیچر دستیاب ہو جائے گا، واٹس ایپ کے بقول اس فیچر کا فائدہ یہ ہے کہ آپ بہت سے لوگوں سے ایک ساتھ مخاطب بھی ہوسکتے ہیں اور اپنے گروپ پرائیویٹ بھی رکھ سکتے ہیں۔