پسماندہ علاقوں میں 65 ارب کے آئی ٹی منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ

Published On 25 November,2022 07:50 pm

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت پسماندہ علاقوں میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سہولیات کی فراہمی کے لیے 65 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر کام کر رہی ہے جو آئندہ سال کے وسط تک مکمل ہو جائیں گے۔

جی ایس ایم اے (گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشنز ایسو سی ایشن) ایشیا پیسیفک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد 2 کروڑ 80 لاکھ افراد کو براڈ بینڈ کی خدمات میسر ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کنکٹیوٹی کے حوالے سے وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ یہ میری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ٹیلی کام انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کروں۔

وفاقی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد میں جی ایس ایم اے ایشیا پیسیفک کے سربراہ جولیئن گورمین، ہیڈ آف پالیسی جینٹ وائٹ اور کنٹری ہیڈ سائرہ فیصل بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر جولیئن گورمین نے کہا کہ جی ایس ایم اے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے ساتھ تمام مطلوبہ شعبوں میں تعاون کیلئے تیار ہے، پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر، ڈیجیٹلائزیشن اور خواتین کو باختیار بنانے کے عمل نے متاثر کیا۔

Advertisement