واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں ڈیجیٹل رجحانات پر نظررکھنے والی ایک کمپنی ڈیٹا اے آئی نے رپورٹ شائع کی ہے جس میں 2022 میں سوشل میڈیا ایپ کی مقبولیت اور اس پر گزارے گئے عوامی وقت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارم کے علاوہ نئی ایپ بھی اپنی جگہ بنا سکیں جن میں ’بی ریئل‘ نامی تصویری ایپ بھی ہے جن کے صارفین اگست 2022 میں 53 لاکھ تھے اور اب ایک کروڑ تک پہنچ چکے ہیں، تاہم ان میں امریکی صارفین کی اکثریت ہے اور میٹا کی ایپس یعنی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اب بھی سرفہرست ہیں۔
91 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق 2022 میں ٹک ٹاک ایپ کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے جو سب سے زیادہ بھی ہے، اس سال بالخصوص لائیو اسٹریمنگ اور لائیو شاپنگ اسٹریم بہت مقبول ہوئیں، پھر ٹک ٹاک نے ایپ کے اندر ہی کرنسی خریدنے اور فروخت کرنے کی سہولت بھی دی جسے بہت سراہا گیا ہے۔
اس سال امریکی صارفین چین اور جاپان سے بازی لے گئے اور انہوں نے سب سے زیادہ وقت سوشل میڈیا ایپ پر گزارا، سوشل میڈیا ایپس کے استعمال پر عالمی پیمانے پر 3 گنا اضافہ ہوا ہے، سال 2022 میں سوشل میڈیا ایپس پر گزارے گئے وقت میں بھی 17 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق رواں سال بھی سوشل میڈیا ایپس کے استعمال اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔