ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے بلیو ٹک جلد ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

Published On 11 February,2023 11:47 pm

سین فرانسسکو: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سربراہ ایلون مسک نے بلیو ٹک جلد ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ٹوئٹر پر ریا نامی ایک خاتون صارف نے ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلیو ٹک اب ایک مذاق بنتا جا رہا ہے۔

خاتون نے مسک کے نام پیغام میں لکھا کہ پہلے بلیو ٹک صرف مشہور شخصیات اور سیاستدانوں کو فراہم کیا جاتا تھا لیکن آج ہر ٹام، ڈک اور ہیری بلیو ٹک حاصل کر سکتا ہے۔

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ٹوئٹر کے ویری فکیشن ٹک نے اپنی افادیت کھو دی ہے۔

اس پر ایلون مسک نے خاتون کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ لیگیسی بلیو ٹک کے نشان جلد ہی ختم کر دیے جائیں گے، یہ وہ ہیں جو حقیقی طور پر کرپٹ ہیں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کے ٹوئٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد سے آئے روز کچھ نہ کچھ تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں، حال ہی میں ٹوئٹر نے صارفین سے ’بلیو ٹِک‘ سروس کے پیسے چارج کرنا شروع کیے ہیں۔