میٹا نے مزید ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

Published On 12 February,2023 06:03 pm

کیلفورنیا: (ویب ڈیسک) فیس بک کی سرپرست کمپنی میٹا کی جانب سے آنے والے ہفتوں میں مزید ملازمین کو نکالنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے عملے کی کارکردگی کا تجزیہ مارچ میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مزید ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل نومبر 2022 میں میٹا کی جانب سے دنیا بھر سے کمپنی کے 11 ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس موقع پر مارک زکربرگ نے ملازمین کے نام ایک میمو میں کہا تھا کہ  آج میں میٹا کی تاریخ میں کی جانے والی سب سے مشکل تبدیلی کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں، میں نے اپنی ٹیم کا حجم 13 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر، ایمازون، گوگل، مائیکرو سافٹ اور دیگر متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے حالیہ مہینوں کے دوران معاشی حالات کو جواز بناتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔