امریکا نے کینیڈا کی فضائی حدود میں داخل ہونیوالی ناقابل شناخت شے کو مارگرایا

Published On 12 February,2023 09:34 am

اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) امریکا کے جنگی طیاروں نے کینیڈا کی فضائی حدود میں داخل ہونے والی ایک ناقابل شناخت شے کو مار گرایا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا اور امریکا نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ناقابل شناخت شے کو الاسکا کی سرحد کے قریب یوکون (Yukon) کے علاقے میں مار گرایا۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک  بیان میں کہا کہ ’میں نے کینیڈا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والی ناقابل شناخت شے کو مار گرانے کا حکم دیا ہے ، (امریکی) این او آر اے ڈی کمانڈ نے یوکون پر اڑنے والی شے کو مار گرایا، کینیڈا اور امریکہ کے طیارے حرکت میں لائے گئے تھے اور امریکی ایف 22 نے شے کی جانب کامیاب فائر کیا۔‘ 

 

وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن اور جسٹن ٹروڈو نے ملبہ نکالنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ اس شے کی حقیقت کا پتا لگایا جا سکے۔

خیال رہے کہ دو روز میں امریکی جنگی طیاروں کی ناقابل شناخت شے کو مار گرانے کی یہ دوسری کارروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا نے چین کے مشتبہ غبارے کو سمندر میں مار گرایا
چند روز قبل  امریکی جنگی طیارے ایف 22 نے ہی ریاست جنوبی کیرولینا کی فضائی حدود میں اڑنے والے مشتبہ جاسوس چینی غبارے کو مار گرایا تھا، بعدازاں چین اور امریکا کے درمیان تناؤ کی صورتحال میں اضافہ ہوا تھا ۔