میٹا نے زکربرگ کے سکیورٹی الاؤنس میں 4 ملین ڈالر کا اضافہ کردیا

Published On 16 February,2023 06:58 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) امریکی کثیر القومی ٹیکنالوجی گروپ میٹا کی جانب سے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی مارک زکربرگ اور ان کے خاندان کو دیئے جانے والے سکیورٹی الاؤنس میں 4 ملین ڈالر کا اضافہ کر دیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے کہا گیا کہ الاؤنس میں یہ اضافہ زکربرگ کے موجودہ مجموعی سکیورٹی پروگرام کے اخراجات کے ساتھ حالات میں مناسب اور ضروری ہے۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا ہے اور اپنے اخراجات کے منصوبوں میں کمی کی ہے۔

قبل ازیں امریکی خبر رساں ادارے نے پچھلے ہفتے رپورٹ کیا تھا میٹا نے اپنی متعدد ٹیموں کے بجٹ کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کی ہے کیونکہ مزید ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔