ایلون مسک نے ایک کتے کو ٹوئٹر کا 'سی ای او' بنا دیا

Published On 15 February,2023 05:39 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک بننے کے بعد سے مسلسل تنازعات کے شکار ایلون مسک نے اپنے نئے اقدام سے صارفین کو چکرا کر رکھ دیا۔

دنیا کے امیر ترین شخصیات میں سے دوسرے نمبر پر براجمان ایلون مسک جو نامور امریکی کمپنیوں ٹیسلا اور سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی ہیں اور حال ہی میں ٹوئٹر کو خرید کر اس کے چیف بن گئے ہیں نے ٹوئٹر کے سی ای او کا اعلان کردیا۔

ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں ایک کتے کی تصویر شیئر کی جس کی شرٹ کے ایک کالر پر ٹوئٹر اور دوسری پر سی ای او لکھا ہے اور وہ کتا ایک لگژری آفس کی پالیسی ساز کرسی پر بیٹھا ہے۔

اس کے علاوہ اپنی ایک اور ٹوئٹ میں ایلون مسک نے ایک کتے کی تصویر شیئر کی جس نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی ہے اور اس پر سی ای او لکھا ہوا ہے۔ انھوں نے تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او حیرت انگیز ہیں۔

اپنی اس ٹوئٹ کے تسلسل میں ایلون مسک نے مزید لکھا کہ  یہ سی ای او پچھلوں سے بہتر ہے ،غالباً یہ طنز ایلون مسک نے ٹوئٹر کے بھارتی نژاد سابق سی ای او پراگ اگروال پر کیا ہے، ایلون مسک نے ٹوئٹر کی سربراہی سنبھالتے ہی پراگ اگروال سمیت 4 اعلیٰ عیدہداروں کو برطرف کردیا تھا۔