سڈنی : ( ویب ڈیسک ) محقیقین نے ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر شادی کرنے والے جوڑوں کے لئے انتہائی سخت وارننگ جاری کر دی۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف میلبرن کے محقیقین نے ویلنٹائنز ڈے پر ہونے والی شادیوں کے حوالے سے ایک تحقیق کی جس کے نتائج کے مطابق ویلنٹائنز ڈے پر شادی کرنے والوں کی ایک سال کے اندر طلاق ہوجانے کا امکان سب سے زیادہ ہوتا ہے۔
محقیقین نے اس تحقیق کے لیے 11 لاکھ شادیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا، جن میں 6 فیصد ویلنٹائنز ڈے پر ہوئی تھیں۔
انہوں نے دونوں طرح کی شادیوں اور میاں بیوی کے تعلقات کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے، جن سے معلوم ہوا کہ سال کے باقی دنوں میں ہونے والی شادیوں کی نسبت ویلنٹائنز ڈے پر ہونے والی شادیوں میں طلاق کی شرح 37 فیصد زیادہ تھی۔
محقیقین نے تحقیق کے بعد نوجوان جوڑوں کو ہدایت کی ہے کہ کبھی بھی ویلنٹائنز ڈے پر شادی نہ کریں کیونکہ اس روز ہونے والی شادی کے بہت جلد خاتمے سے دوچار ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔