اوہائیو: (ویب ڈیسک) ایتھیوپیا کے ایک نوجوان فنکار کا شیشے پر ہتھوڑے مار کر غیرمعمولی پورٹریٹ بنانے کا فن دیکھنے والوں کو اپنی جانب راغب کر رہا ہے۔
نیٹنائل مکیوریا نامی نوجوان فنکار نے کورونا وباء کے دنوں میں گھر بیٹھے اس فن کا آغاز کیا، شروع شروع میں نوجوان کو فن پارہ تخلیق کرنے میں متعدد بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تاہم مسلسل کوشش اور کام میں دلچسپی سے وہ اس فن کا ماہر ہوگیا۔
نوجوان چھینی اور ہتھوڑی کی مدد سے کمال مہارت کے ساتھ شیشے کے بڑے ٹکڑوں کو چٹخا کر فن پارے تخلیق کرتا ہے، اس کام میں انتہائی احتیاط چاہیے ہوتی ہیں کیونکہ ذرا سی زیادہ ٹھوکر سے شیشہ ٹوٹنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
یہ کام اس قدر محنت طلب ہے کہ نوجوان کو ایک تصویر بنانے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں، شیشے کے زیادہ چٹخنے سے تصویر بگڑ سکتی ہے یا جیسا فن پارہ تخلیق کرنا مقصود ہوتا ہے ویسا نہیں ہو پاتا، یہی وجہ ہے کہ حسبِ خواہش فن پارے کی تخلیق کیلئے غیرمعمولی مہارت اور ہاتھ کے درست زاویے کا ہونا بے حد ضروری ہے۔
ایتھیوپیا میں پیدا ہونے والے اس نوجوان کی عمر تقریباََ 22 سال ہے، نوجوان ان دنوں امریکہ میں مقیم ہے جہاں وہ اپنے فن پارے فروخت کر رہا ہے، نیٹنائل مکیوریا کے اس غیر معمولی فن کو سوشل میڈیا سمیت دیگر مختلف پلیٹ فارمز پر پذیرائی مل رہی ہے۔