قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں سونے اور ہیروں سے بنا عروسی لباس فروخت کرنے کیلئے اشتہار جاری کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عروسی ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی نے فیس بک کے پیج پر منفرد قیمتی عروسی جوڑے کا اشتہار دے کر پورے ملک میں لوگوں کو حیران کر دیا، اشتہار میں صارفین کو بتایا گیا کہ یہ لباس خالص سونے سے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی نے اشتہار میں قیمتی لباس کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید لکھا کہ اس کا وزن 9 کلو گرام ہے اور قیمت 15.7 ملین پاؤنڈ ہے، کمپنی نے یہ لباس خریدنے والے کو فری ہوم ڈیلیوری دینے کا بھی اعلان کیا، سب سے پہلے آرڈر پر 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔
کمپنی نے صارفین کی توجہ اس قیمتی جوڑے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا لباس کی نمائش کا بھی اعلان کیا ہے، اس اشتہار کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر مصری صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، کچھ نے قیمتی لباس کا اشتہار چلانے پر حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
کچھ صارفین نے لکھا کہ کمپنی نے عوام کے جذبات مشتعل کیے ہیں، ایسی صورتحال میں جب کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں مصری پاؤنڈ کی قدر زمین کی تہہ کو چھو رہی ہے، ایسے وقت میں خالص سونے کے عروسی لباس کی تشہیر کسی طور زیب نہیں دیتی۔
بعض صارفین کا اس اشتہار کو ہلکے انداز میں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ اس پر برا ماننے والی کوئی بات نہیں کمپنی عروسی لباس کی شکل میں سونا فروخت کر رہی ہے، جو لوگ اپنی بچت محفوظ کرنا چاہتے ہیں وہ خالص سونے کا لباس خرید کر اپنی رقم محفوظ کر سکتے ہیں۔