30 سالہ پرتگالی ’’ بوبی ‘‘ دنیا کا بوڑھا ترین کتا قرار

Published On 04 February,2023 06:12 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) ایک 30 سالہ پرتگالی کتے نے دنیا کے اب تک کے سب سے پرانے اور بوڑھے کتے کا 100 سالہ پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک خاص نسل کے ’’ بوبی ‘‘ نامی کتے کو دنیا کا اب تک کا سب سے بوڑھا کتا قرار دیا ہے جبکہ اس سے قبل سب سے پرانا اور بوڑھا کتا آسٹریلیا کا ’’ بلیو ‘‘ تھا جو 1939 میں 29 سال اور پانچ ماہ کی عمر میں مر گیا تھا، یکم فروری تک بوبی کی عمر 30 سال اور 226 دن تھی اور کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے صحت مند ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق پرتگالی حکومت کے پالتو جانوروں کے ڈیٹا بیس سے اس کی بڑی عمر کی توثیق کی گئی ہے، بوبی نے اپنی پوری زندگی کوسٹا خاندان کے ساتھ پرتگال کے مغربی ساحل کے قریب واقع کونسیروس گاؤں میں گزاری ہے جبکہ وہ 2018 میں خوف کے علاوہ سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے اچانک گرنے کے بعد ہسپتال میں بھی زیر علاج رہ چکا ہے۔

بوبی کے مالک کوسٹا کا کہنا ہے کہ بوبی نے نسبتاً کسی پریشانی سے محفوظ زندگی کا لطف اٹھایا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اسکی لمبی عمر کا راز وہ ’’ پرسکون، پرامن ماحول‘‘ ہے جس میں وہ رہتا ہے۔