کتوں کے بعد گلہریاں بھی منشیات کی نشاندہی کرنے لگیں

Published On 13 February,2023 01:36 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) کتوں کے بعد اب گلہریوں کو بھی منشیات کی نشاندہی کرنے کی تربیت دی جانے لگی۔

چینی شہر چونگ چنگ کے محکمہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری اپنی جنگ میں اب گلہریوں سے مدد لینا شروع کی ہے، اس ضمن میں 6 گلہریوں کا پہلا دستہ تیار ہے کیونکہ وہ سونگھنے کے غیرمعمولی حِس رکھتی ہیں۔

گلہریوں کی تربیت کرنے والے ماہر یِن جِن نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کام میں جس ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی ہے وہ ملکی سطح پر تیار کی گئی ہے، اس کے علاوہ تربیت کا پورا طریقہ بھی چینی ماہرین کا اخذ کردہ ہے تاہم انہیں پہلے مختلف منشیات سونگھنے کی تربیت دی گئی تھی۔

ین جن نے کہا کہ جب ان گلہریوں کو عملی میدان میں آزمایا گیا تو وہ صلاحیت میں کسی بھی طرح سونگھنے والے انتہائی مہنگے کتوں سے کم نہ تھیں۔

اس کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ گلہریاں چھوٹی، پھرتیلی اور مشکل جگہوں تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔