جیروم ڈیوڈ سیلنگر کے ناول کی 33 سال بعد لائبریری میں واپسی

Published On 13 February,2023 07:27 am

ٹورنٹو : ( ویب ڈیسک ) معروف امریکی مصنف جیروم ڈیوڈ سیلنگر کے ناول دی کیچر ان دی آئی کی ایک کاپی کینیڈین یونیورسٹی مینیٹوبا کی لائبریری کو 33 سال بعد واپس کر دی گئی۔

جیروم ڈیوڈ سیلنگر ایک امریکی مصنف تھے جنہوں نے اپنے 1951 کے ناول The Catcher in the Rye سے شہرت حاصل کی۔

1980 کی دہائی کے آخر میں گلین لاون کالج میں پڑھنے والی طالبہ جینیفر والٹن نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر گھر کی صفائی کر رہے تھے، انہیں کتابوں کا ایک ڈبہ نظر آیا جس میں وہ کتاب تھی جو انہوں نے سینٹ وائٹل لائبریری سے تقریباً 33 برس قبل لی تھی۔

جینیفر والٹن کے مطابق وہ کتاب کو دیکھ کر تھوڑی گھبرا گئی تھیں کیوں کہ وہ لمبے عرصے سے ان کے پاس پڑی تھی اور اسکی واپسی کا وقت بھی گزر چکا تھا۔

 لائبریری کے لائبریرین کے خیال میں کتاب 1999 میں واپس کی جانی تھی لیکن والٹن نے تصدیق کی کہ کتاب کی واپسی کی مقررہ تاریخ اصل میں 10 نومبر 1989 تھی جس کے مطابق اسے 33 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔

لائبریری کوآرڈینیٹر نے کتاب کی واپسی پر کہا کہ کتاب بہترین حالت میں ہے اور میں اسے اتنی اچھی شکل میں دیکھ کر حیران ہوں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جب کوئی چیز 33 سال تک صرف ڈبے میں بند ہی پڑی رہے تو اس کی حالت ٹھیک ہی رہتی ہے۔

والٹن کو کتاب دیر سے واپس کرنے پر جرمانہ نہیں کیا گیا کیونکہ لائبریری نے 2021 میں لیٹ فیس ختم کر دی تھی۔