میٹا کا صارفین کو پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کا اعلان

Published On 20 February,2023 04:18 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب پیسے دے کر بلیو ٹک حاصل کرسکیں گے جبکہ میٹا ویریفائڈ کی لاگت ویب پر ماہانہ 11.99 ڈالر اور آئی فون صارفین کیلئے 14.99 ڈالر رکھی گئی ہے۔

میٹا کے مطابق سبسکرپشن سروس ابھی تک کاروباروں کے لیے دستیاب نہیں ہے لیکن کوئی بھی فرد بلیو ٹک حاصل کرنے کے لیے ادائیگی کر سکتا ہے، یہ سروس اس ہفتے سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں دستیاب ہوگی اور سبسکرپشن ادائیگی کرنے والے صارفین کو نیلے رنگ کا بیج، ان کی پوسٹس کی ریچ میں اضافہ، نقل کرنے والوں سے تحفظ اور کسٹمر سروس تک آسان رسائی فراہم کرے گی۔

کمپنی کے مطابق اس تبدیلی سے پہلے سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم کچھ چھوٹے صارفین کے لیے ریچ میں اضافہ ہو گا کیونکہ وہ ادائیگی کے بعد تصدیق شدہ اکاؤنٹ رکھنے والے صارف بن جائیں گے۔

میٹا نے مزید کہا کہ انسٹاگرام اور فیس بک کے صارفین کو تصدیق کے لیے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ شناختی دستاویز سے مماثل ہونا پڑے گا اور صارفین کے پاس ایک پروفائل تصویر ہونی چاہیے جس میں ان کا چہرہ واضح ہو تاہم کمپنی نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ فیچر دوسرے ممالک میں کب متعارف کرایا جائے گا لیکن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) مارک زکربرگ نے اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ یہ جلد دوسرے ممالک میں بھی متعارف ہوگا۔

خیال رہے کہ میٹا کا یہ اقدام ٹویٹر کے مالک ایلون مسک کے نومبر 2022 میں پریمیم ٹویٹر بلیو سبسکرپشن کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے۔