لندن: (ویب ڈیسک) ماہرین نے موٹاپے کو روکنے اور زیادہ کھانے والے افراد کیلئے انجینئرڈ آٹا تیار کر لیا، مخصوص فارمولہ سے تیار آٹا کھانے سے فوری طور پر پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس آٹے کو کنگز کالج لندن کے بائیو ٹیکنالوجسٹ پیٹر ایلس اور دیگر ماہرین نے تیار کیا ہے، آٹے میں انتہائی مفید اجزا شامل ہیں جن سے خون میں گلوکوز کی سطح کو معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
آٹے کا یہ فارمولہ چنے، لوبیا اور دیگر مختلف اقسام کی دالوں سے تیار کیا گیا ہے جس سے فوری طور پر شکم سیری کا احساس ہوتا ہے اور یہ ذیابیطس کے مریضوں اور دل کیلئے بھی مفید ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس آٹے میں فائبر(ریشے) کی غیرمعمولی مقدار شامل ہے جو ہر لحاظ سے صحت کیلئے مفید ہے، اس مخصوص آٹے کو عام آٹے میں ملا کر بہت سے طبی اور غذائی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
ماہرین نے تجربے کے طور پر نیا تیار کیا گیا آٹا روایتی گندم کے آٹے میں مکس کر کے مختلف رضاکاروں کو کھلایا، تحقیق میں شامل رضاکار دیگر افراد کی نسبت کم خوراک میں سیر ہوئے جبکہ ان کے خون میں گلوکوز کی مقداد بھی کم پائی گئی۔