10 سال کے مذاکرات کے بعد سمندروں کے تحفظ کیلئے تاریخی معاہدہ طے

Published On 06 March,2023 07:57 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) اقوام عالم نے 10 سال کے مذاکرات کے بعد دنیا کے سمندروں کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے، ’’ ہائی سیز ‘‘ نامی معاہدے کا مقصد 2030 تک 30 فیصد سمندروں کو محفوظ علاقوں میں رکھنا ہے تاکہ سمندری فطرت کی حفاظت اور بحالی کی جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں 38 گھنٹے کی بات چیت کے بعد طے پایا، فنڈنگ اور ماہی گیری کے حقوق پر اختلافات کے باعث یہ مذاکرات برسوں سے جاری تھے۔

سمندر کے تحفظ سے متعلق آخری انٹرنیشنل معاہدے پر 40 سال قبل 1982 میں دستخط کیے گئے تھے ، اس معاہدے نے ایک ایسا علاقہ قائم کیا جسے ’’ ہائی سیز ‘‘ کہا جاتا ہے، جس کے تحت سمندر میں تمام ممالک کو مچھلی، جہاز بھیجنے اور تحقیق کرنے کا حق حاصل ہے لیکن اس معاہدے سے صرف 1.2 فیصد سمندری حصہ محفوظ ہے۔

ان محفوظ علاقوں سے باہر رہنے والی سمندری زندگی کو موسمیاتی تبدیلیوں، حد سے زیادہ ماہی گیری اور جہاز رانی کی وجہ سے خطرہ لاحق ہے۔

ماحولیاتی گروپوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ کان کنی کا عمل جانوروں کی افزائش میں خلل ڈال سکتا ہیں، شور کی آلودگی پیدا کر سکتا ہے اور سمندری حیات کے لیے زہریلا ہو سکتا ہے۔

نئے معاہدے میں قائم کیے گئے نئے محفوظ علاقے ماہی گیری کی ایک حد قائم کریں گے۔

انٹرنیشنل سی بیڈ اتھارٹی کے مطابق گہری سمندری تہہ میں مستقبل کی کوئی بھی سرگرمی سخت ماحولیاتی ضوابط اور نگرانی کے ساتھ مشروط ہو گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ پائیدار اور ذمہ داری کے ساتھ انجام پاتی ہے۔