ٹوئٹر نے دیگر پلیٹ فارم کی طرح تدریسی کورس پیش کر دیئے

Published On 16 March,2023 09:21 am

سین فرانسسکو: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے حیرت انگیز طور پر دیگر پلیٹ فارم کی طرح تدریسی کورس پیش کیا ہے، پہلے مرحلے میں 8 حصوں پر مشتمل ایک سیریز پیش کی گئی ہے جو بالخصوص ویڈیو مارکیٹنگ میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

ٹوئٹرنے اسے ’ان اسکپیبل‘ کا نام دیا ہے جو ویڈیو مارکیٹنگ کے عملی سبق فراہم کرتا ہے، ٹوئٹر نے جو اسباق دیئے ہیں ان کا محور بھی ٹویٹر ویڈیو ہی ہے، تاہم یہ کورس بطورِ خاص ان افراد کے لیے ہے جو ویڈیو بنانا تو جانتے ہیں لیکن اسے مؤثر اور وائرل بنانے کے خواہاں ہیں۔

ٹوئٹر نے ویڈیو اسباق کی صورت میں ہی یہ کورس پیش کیا ہے اور ہر ویڈیو کی مدت صرف دو منٹ ہے جس میں بہترین مشورے ایک جگہ رکھے گئے ہیں، ٹویٹر کی مارکیٹنگ اور تخلیق کاروں کی ٹیم نے اسے بہت محنت سے تیار کیا ہے، کورس کی بدولت آپ بہترین اشتہار بناسکتے ہیں اور اپنی مارکیٹنگ بڑھا سکتے ہیں۔

یہ ویڈیو سیریز ٹوئٹر کے نئے منصوبے ’ فلائٹ سکول‘ کا حصہ ہے جو ایک مفت تدریسی سکول ہے۔

تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ٹوئٹر کی حوصلہ شکن پالیسیوں کے بعد 70 فیصد بہترین تشہیری کمپنیاں نہ ٹویٹر استعمال کر رہی ہیں اور نہ ہی وہاں کے اشتہار دیکھ رہی ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر نے یہ کورس پیش کیا ہے۔