ناسا کا چاند مشن کیلئے پہلی بار خاتون اور سیاہ فام مرد خلاباز کا انتخاب

Published On 04 April,2023 05:01 am

نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکی خلائی ادارے ناسا نے نصف صدی بعد پہلی بار چاند پر جانے کے مشن کا حصہ بننے والے اپنے چار خلابازوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں ایک خاتون اور ایک سیاہ فام مرد خلاباز بھی شامل ہے۔

یہ چاروں خلاباز 1968 کے اپولو ایٹ مشن کو دہرائیں گے جو کہ چاند پر پہنچنے والا پہلا کامیاب منصوبہ تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرسٹینا کُک چاند کے سفر پر جانے والی پہلی خاتون خلاباز ہوں گی جبکہ وکٹر گلوور ایسا کرنے والے پہلے سیاہ فام خلاباز ہوں گے۔

کرسٹینا کوچ کو سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کرنے والی خاتون کا اعزاز بھی حاصل ہے، تاہم اب وہ ناسا کی جانب سے چاند پر جانے والی پہلی خاتون خلاباز کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیں گی۔

ان کے ہمراہ رِیڈ وائزمین اور جیرمی ہینسن ہوں گے اور منصوبے کے تحت 2025 کے اوائل میں یہ چار خلاباز چاند کے گرد خلائی گاڑی اڑائیں گے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ خاتون اور غیر سفید فام شخص کے انتخاب کا مقصد خلائی تحقیق کو متنوع بنانا ہے، چاند پر جانے والے گذشتہ منصوبوں میں صرف سفید فام عملے کا انتخاب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ناسا کا خلائی مشن چاروں خلابازوں کو لے کر اگلے سال کے اوائل میں چاند پر جائے گا اور اب ان خلابازوں کی سخت تربیت کا مرحلہ شروع ہوگا جس میں انھیں اس مشن کے لیے تیار کیا جائے گا۔

Advertisement