کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو پلیٹ فارم کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) مل گیا۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں ایلون مسک نے بتایا کہ انہیں ٹوئٹر کے لیے ایک نیا چیف ایگزیکٹو مل گیا ہے اور وہ اگلے چند ہفتوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے عہدے پر منتقل ہو جائیں گے۔
مسک نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ میں نے ٹوئٹر کے لیے ایک نئے سی ای او کی خدمات حاصل کی ہیں جو چھ ہفتوں تک عہدہ سنبھال لیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسک نے کسی ممکنہ امیدوار کا نام نہیں لیا اور یہ واضح نہیں کہ وہ یہ عہدہ کس کے سپرد کریں گے تاہم اس حوالے سے مختلف نام سامنے آرہے ہیں اور مختلف قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔
مسک نے کہا کہ وہ چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے کردار کے ساتھ ساتھ ٹویٹر کی ایگزیکٹو چیئر بھی سنبھالیں گے جہاں وہ پروڈکٹ، سافٹ ویئر اور sysops کی نگرانی کریں گے۔