اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں انٹرنیٹ بندش سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا جھٹکا، انٹرنیٹ بند ہونے سے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
ترجمان ٹیلی کام انڈسٹری کے مطابق تین دن میں ٹیلی کام سیکٹر کو 2 ارب 46 کروڑ کا نقصان ہوگیا جبکہ آل پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق آئی ٹی انڈسٹری کو 10 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
دوسری جانب بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی نے انٹرنیٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ کر دیا۔
کاروباری نمائندوں اور سول سوسائٹی نے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش پریشان کن اور قابل مذمت اقدام ہے، انٹرنیٹ بندش سے ہیلتھ کیئر، ایمرجنسی، اکنامک سروسز تک رسائی متاثر ہوئی، حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ انٹرنیٹ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔