ایلون مسک نے ٹوئٹر کے نئے چیف ایگزیکٹو کا اعلان کر دیا

Published On 13 May,2023 07:26 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ انہیں ٹوئٹر کے لیے ایک نیا چیف ایگزیکٹو مل گیا ہے اور وہ اگلے چند ہفتوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے عہدے پر منتقل ہو جائیں گے۔

مسک نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ میں نے ٹوئٹر کے لیے ایک نئے سی ای او کی خدمات حاصل کی ہیں جو چھ ہفتوں تک عہدہ سنبھال لیں گے۔

مسک نے کسی ممکنہ امیدوار کا نام نہیں لیا تھا اور یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ یہ عہدہ کس کے سپرد کریں گے تاہم اب انہوں نے نئے چیف ایگزیکٹو کا نام بتا دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے بتایا کہ این بی سی یونیورسل کی سابق ہیڈ ایڈورٹائزنگ لنڈا یاکارینو ٹوئٹر پر کاروباری معاملات کی نگرانی کریں گی۔

مسک کا کہنا تھا کہ نئی چیف ایگزیکٹو لنڈا یاکارینو چھ ہفتوں تک اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گی جبکہ وہ خود ایگزیکٹو چیئرمین اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر پلیٹ فارم کا حصہ رہیں گے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے پچھلے سال 44 بلین ڈالر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم خریدا تھا اور ان پر دباؤ تھا کہ وہ کمپنی کی سربراہی کے لیے کسی اور کو تلاش کریں اور اپنی توجہ اپنے دیگر کاروباروں پر مرکوز کریں جن میں الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا اور راکٹ فرم سپیس ایکس شامل ہیں۔