سیلاب سے محفوظ رکھنے والی 4 کلومیٹر طویل دیواروں کی تعمیر نو مکمل

Published On 13 May,2023 11:25 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے علاقے گریٹ یرماؤتھ میں سیلاب سے بچانے والی تقریباً 4 کلو میٹر طویل مدافعتی دیواروں کی تعمیر نو کا کام مکمل کر لیا گیا جو 2100 سے زائد گھروں کو تحفظ فراہم کریں گی۔

برطانوی میڈیا نے ماحولیاتی ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ اس منصوبے کا آغاز ستمبر 2019ء میں ہوا تھا، منصوبے کے تحت پورے قصبے میں 40 مدافعتی دیواروں کی تعمیر نو کی گئی جس سے ان دیواروں کی میعاد 30 سال تک بڑھنے کی توقع ہے۔

ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے کیلئے منصوبے میں نئی انٹر ٹائڈل سالٹ مارش بنائی گئی ہیں جبکہ کاربن مواد کی مقدار میں کمی اور ہائبرڈ توانائی کی مدد سے منصوبے کے کاربن نقوش کو بھی کم کیا گیا ہے۔

سکیم کے پروجیکٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ہم برطانیہ اور دنیا بھر میں موسمیاتی تغیر کے اثرات دیکھ رہے ہیں، موسمیاتی ایمرجنسی کے اثرات سے بچنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، گریٹ یرماؤتھ میں 1953ء، 2013ء اور 2017ء کے سیلاب بھی ہم دیکھ چکے ہیں۔