آرٹیفشل انٹیلی جنس نسل انسانی کے لئے خطرہ نہیں : پروفیسر لیکون

Published On 17 June,2023 07:35 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) آرٹیفشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) کے تین ’ گاڈ فادرز ‘ میں سے ایک پروفیسر یان لیکون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھی گاڈ فادرز سے متفق نہیں ہیں کہ AI نسل انسانی کے لیے خطرہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پروفیسر یان لیکون نے کہا کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس دنیا پر قبضہ نہیں کرے گی اور نہ ہی لوگوں کے ذریعہ معاش کو مستقل طور پر تباہ  کرے گی۔

پروفیسر یان لیکون نے کہا کہ کچھ ماہرین کا اے آئی کا انسانیت کے لیے خطرہ بننے کا خدشہ ’ مضحکہ خیز ‘ ہے۔

2018 میں پروفیسر لیکون نے جیفری ہنٹن اور یوشوا بینجیو کے ساتھ اے آئی میں اپنی کامیابیوں کے لیے ٹیورنگ ایوارڈ جیتا اور تینوں کو ’ اے آئی کے گاڈ فادرز ‘ کے نام سے جانا جانے لگا۔

پروفیسر لیکون اب فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا میں چیف اے آئی سائنٹسٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 1930 میں کسی نے پوچھا تھا کہ آپ ٹربو جیٹ کو کیسے محفوظ بنانے جا رہے ہیں؟ ٹربو جیٹ تب ایجاد بھی نہیں ہوئے تھے اور بعدازاں ٹربو جیٹ طیارے بالآخر ناقابل یقین حد تک قابل اعتماد اور محفوظ بنائے گئے، AI کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔