نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل میپ دنیا میں راستے تلاش کرنے کیلئے سب سے زیادہ مقبول سروس ہے، صارفین تک اس سروس کی افادیت کو مزید بڑھانے کیلئے کمپنی 3 اہم فیچرز کا اضافہ کرنے والی ہے۔
گوگل کی جانب سے مستقبل میں متعارف کرائے جانے والے فیچرز میں پہلا فیچر گلینس ایبل ڈائریکشنز کا ہے، یہ فیچر اس سروس کے استعمال میں سبب سے بڑی تبدیلی قرار دی جا رہی ہے۔
عام طورپر صارفین لائیو اپ ڈیٹ کیلئے میپ میں لوکیشن ڈال کر سفر شروع کرتے ہیں اور سفر کے ساتھ ساتھ میپ ان کو یہ بتاتا جاتا ہے کہ کس موڑ پر مُڑنا ہے یا کونسا راستہ اختیار کرنا ہے، اس فیچر کے بعد یہ سب معلومات بطور پری ویو دیکھی جا سکیں گی۔
اگر صارف کسی بتائے گئے رستے سے ہٹ کر چلنے لگے تو نقشے کی جانب سے دوسرا رستہ تجویز کر دیا جائے گا، فیچر کے ساتھ فون کا لاک کھولے بغیر بھی اپ دیٹ دیکھی جاسکیں گی۔
گوگل ڈیسک ٹاپ کیلئے ’ری سینٹس‘ نام کا فیچر بھی متعارف کرائے گا، یہ فیچر میپ پر تلاش کی گئی جگہوں کو خود بخود ایک جگہ اکٹھا کر دے گا، اس کے اندر ٹولز کی مدد سے صارف اپنی منزلوں کیلئے مرضی کا راستہ بنا سکیں گے۔
متعارف کرایا جانے والا تیسرا اور آخری فیچر اِیمرسِیو ویو کا ہوگا، فیچر میں چار شہر (ایمسٹرڈیم، ڈبلِن فلورینس اور وینِس) اور 500 مشہورمقامات (سِڈنی ہاربر برج یا پراگ کا قلعہ) شامل کئے گئے ہیں۔