اسلام آباد: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک ماہرین نے کہا ہے کہ سال 2013ء میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات 290 ملین ڈالر کی معتدل سطح سے بڑھ کر 2019ء میں 890 ملین ڈالر ہو گئیں اور 2022 میں2.1 ارب ڈالر کی متاثر کن سطح تک پہنچ گئیں۔
آئی ٹی شعبے کی نمو پر حالیہ پوڈکاسٹ میں سٹیٹ بینک کے شعبہ اقتصادی پالیسی جائزہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں وسیع استعداد کا حامل ملک ہے اور پاکستان کو آئی ٹی کی برآمدات کیلئے اپنی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ مسابقت کا حامل بناتے ہوئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
پوڈ کاسٹ میں شریک مہمانوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کو معاشی نمو کے اہم محرک کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے اور یہ شعبہ ملکی منڈی، بیرونی تجارت، ای گورنمنٹ اقدامات اور فن ٹیک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔