واٹس ایپ کا وائس نوٹ کے متعلق ایک اور فیچر پر کام جاری

Published On 22 October,2023 08:50 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ ‘ وائس نوٹ بھیجے جانے کے بعد ازخود ختم ہونے کے فیچر پر کام کر رہی ہے۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق ان وائس نوٹس کو بھیجے جانے کے بعد صرف ایک بار چلایا جا سکے گا اور فارورڈ یا محفوظ نہیں کیا جا سکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر صارفین کی نجی اور حساس معلومات کو ایک نئی حفاظتی تہہ فراہم کرے گا اور وائس نوٹ کو غیر متعلقہ اشخاص یا بعد میں دوبارہ سننے کے امکانات کو انتہائی حد تک کم کر دے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صارفین کو ویڈیو اور تصاویر ’ویو ونس‘ کا فیچر پہلے ہی دستیاب ہے جس کے تحت پیغام موصول کرنے والا صرف ایک بار ہی پیغام دیکھ سکتا ہے۔

اب واٹس ایپ بِیٹا انفو کی جانب سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کیلئے جاری کئے گئے واٹس ایپ بِیٹا کے تازہ ترین ورژن میں ’سینڈ ونس وائس نوٹ‘ فیچر کی آزمائش کی نشان دہی کی گئی ہے۔

پوسٹ کئے گئے سکرین شاٹ کے مطابق اس نئے فیچر کو چیٹ بار میں وائس نوٹ ریکارڈ کرتے وقت دیکھا جاسکتا ہے، اس آپشن کے انتخاب کے بعد وائس نوٹ کو ’ویو ونس‘ موڈ میں بھیجا جاسکے گا۔

تاہم، واٹس ایپ کی جانب سے فیچر متعارف کرائے جانے کے متعلق کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔