کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر کا اضافہ کردیا گیا۔
اے آئی ٹیکنالوجی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میٹا کی جانب سے اپنی ایپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹس کو شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے، کمپنی کے تیار کردہ لاما 2 ماڈل پر مبنی یہ چیٹ بوٹس بتدریج واٹس ایپ، انسٹا گرام اور میسنجر کا حصہ بنائے جا رہے ہیں۔
اسی ٹیکنالوجی کو اب واٹس ایپ کے اس حصے کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جس کے بارے میں صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ شکایت کی جاتی تھی۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی یوزر سپورٹ چیٹ بوٹ شامل کیا گیا ہے۔
ابھی واٹس ایپ میں یوزر سپورٹ محدود ہے اور صارفین کو اس سے کوئی مدد نہیں ملتی، مگر اس نئے اضافے سے صارفین کی شکایات پر کمپنی کی جانب سے زیادہ تیزی سے ردعمل ظاہر کرنا ممکن ہو جائے گا۔
یہ نیا چیٹ بوٹ واٹس ایپ کے کانٹیکٹ اس (Contact us) پیج کا حصہ ہے، جہاں صارفین اپنے سوالات یا شکایات تحریر کرسکیں گے، ابھی یہ واضح نہیں کہ تمام صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جائے گا۔
اس سے قبل میٹا کی جانب سے اے آئی اسٹیکرز کو بھی واٹس ایپ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ مختلف چیٹ بوٹس بھی جلد اس میسجنگ سروس میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔