ایکس کا آڈیو اور ویڈیو کال فیچر متعارف کرانے کا اعلان

Published On 27 October,2023 11:28 am

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے آڈیو اور ویڈیو کال فیچر متعارف کرانے کا آغاز کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے فیچر کے متعلق اطلاع دی اور لکھا کہ ایکس پر آڈیو اور ویڈیو کال فیچر کا ابتدائی ورژن آگیا ہے۔

فیچر کے ساتھ ایکس کی جانب سے ایپ کی سیٹنگ میں ایک نیا ٹوگل بھی پیش کیا گیا ہے جس کی مدد سے فیچر کو کھولا یا بند کئے جانے کے ساتھ جن لوگوں کے ساتھ فیچر استعمال کرنا ہے ان کا تعین کیا جا سکے گا۔

ٹوگل میں پیش کئے جانے والے آپشن صارفین کو ایڈریس بک میں موجود افراد، فالو کئے جانے والے لوگ، تصدیق شدہ صارف یا تین خصوصیت بیک وقت رکھنے والوں کو کال کرنے کی سہولت دے گا۔

صارف ڈی ایم (ڈائریکٹ میسج) میں جا کر کسی دوسرے صارف کو کال کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ سکرین پر اوپر کی جانب دائیں طرف فون کے نشان کو دبا کر آڈیو یا ویڈیو کال کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے فی الحال یہ فیچر صرف آئی او ایس صارفین کیلئے دستیاب ہے اور اینڈرائیڈ صارفین کیلئے اس کا اجراء جلد متوقع ہے، البتہ کمپنی کی جانب سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔