گوگل میپس نے اسرائیل اور غزہ میں لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس کو بند کر دیا

Published On 24 October,2023 10:41 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے عارضی طور پر اسرائیل اور غزہ میں اپنی میپس ایپ پر لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس کو بند کر دیا ہے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور غزہ میں گوگل میپس اور ویز پر لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس فی الحال دستیاب نہیں ہیں، جس کی وجہ غزہ پر اسرائیل کے ممکنہ زمینی حملے کی تیاری ہے۔

گوگل کے ایک ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح ہم نے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں مقامی برادریوں کی حفاظت کے پیش نظر ٹریفک کی لائیو اپ ڈیٹس کو عارضی طور پر غیر فعال کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے یہ اقدام اسرائیلی فوج کی درخواست پر کیا گیا ہے، اس سے قبل 2022 میں یوکرین میں بھی لائیو ٹریفک ڈیٹا کو غیر فعال کیا گیا تھا۔